سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک بار پھر بڑے انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف خود چاہتی ہے کہ ان کے بانی عمران خان جیل میں رہیں، جبکہ گرینڈ الائنس میں شامل تمام جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی اکثریت بددیانت اور موقع پرست ہے، جبکہ ملک کے کئی مسائل کا حل فوج کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کسٹمز ایجنٹس کی پریس کانفرنس کے اختتام پر سینیٹر فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ صرف یکجہتی کے لیے نہیں بلکہ کسٹمز ایجنٹس کے مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں۔
اس سے قبل کسٹمز ایجنٹس نے اعلان کیا کہ وہ 25 فروری سے غیرمعینہ مدت کے لیے کام بند کر رہے ہیں۔ فیصل واوڈا نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بدھ کے روز سینیٹ کی فنانس کمیٹی میں آئیں، جس کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا ہیں، تاکہ ان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ہر سال 4800 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، جو تشویشناک ہے۔ میڈیا کا کردار اس حوالے سے بہت اہم ہے اور وہ اس مسئلے کو اجاگر کر سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کسٹمز ایجنٹس کے معاملے پر وزیر خزانہ اور وزیر مملکت سے بات کریں گے اور اس معاملے میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف میری ٹائم کی ایک فائل کو ہاتھ لگا کر 60 سے 70 ارب روپے کی کرپشن پکڑی ہے اور وہ جلد مزید تفصیلات سامنے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی کہہ رہے تھے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی واپسی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی خود چاہتی ہے کہ عمران خان جیل میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کی تمام جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں اور کہیں بھی کوئی بڑا احتجاج یا ہنگامہ نظر نہیں آ رہا۔ فیصل واوڈا نے سیاستدانوں کو بے ایمان، موقع پرست، چالاک اور دھوکہ باز قرار دیا۔