عمران خان کہتے تھے شہباز شریف بیرون ملک پیسے مانگنے جاتے ہیں، تو آپ کیا وہاں پیسے بانٹنے جاتے تھے؟ وزیراعظم

ڈی جی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں ایک نئی یونیورسٹی بنانے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سیاسی مخالفین کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھ پر الزام لگانے والے بتائیں کہ اگر میں باہر جا کر پیسے مانگتا تھا تو وہ کیا وہاں جا کر پیسے بانٹتے تھے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہم نے دن رات کام کیا، جب کہ کچھ لوگ صرف انتشار پھیلانے میں مصروف رہے۔ وزیراعظم نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ویژن ہمیشہ سے پاکستان کی ترقی رہا ہے، اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبے نواز شریف کے دور میں شروع ہوئے۔ اب مریم نواز پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں اور ہم پاکستان کو مزید آگے لے جانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی اور اسی مقصد کے لیے میں نے وزیراعلیٰ کے بجائے خود کو خادمِ اعلیٰ سمجھ کر کام کیا۔ صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کے لیے منصوبے شروع کیے، روزگار کے مواقع پیدا کیے، اور ہر صوبے کی ترقی کو اپنا مشن بنایا۔ سندھ، بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سب میرے لیے برابر ہیں اور ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ڈی جی خان میں کینسر اسپتال اور راجن پور میں ایک نئی یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا، تاکہ یہاں کے لوگوں کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔

بجلی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اویس لغاری نے توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور حکومت بجلی کے بلوں میں کمی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو مہنگائی 40 فیصد تک جا پہنچی تھی، لیکن نواز شریف نے ریاست کو بچانے کے لیے اپنی سیاست کو قربان کر دیا اور آج مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ چکی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مجھ پر بیرون ملک جا کر پیسے مانگنے کا الزام لگاتے رہے، انہیں بتانا چاہیے کہ وہ وہاں جا کر کیا پیسے بانٹنے گئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کر کے ملک کو برباد کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جب تک وہ زندہ ہیں، پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے اور ہندوستان کو شکست دیں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین