پاک بھارت کرکٹ ٹاکرا: کوہلی کی شاندار سنچری، بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2، جبکہ ابرار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کرکٹ کے میدان میں ایک اور بڑا مقابلہ ہوا جہاں چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ویرات کوہلی کی شاندار سنچری نے اس جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 241 رنز بنائے، لیکن بھارتی ٹیم نے ہدف 43ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اس شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں اب دیگر ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہو گئی ہیں۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم قومی ٹیم 49.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کو پہلا نقصان 41 کے مجموعے پر بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 23 رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کا شکار ہوئے۔ اس کے بعد امام الحق 10 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔ کپتان محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ طیب طاہر 4، سلمان آغا 19، شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے، نسیم شاہ 14، خوشدل شاہ 38 اور حارث رؤف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ہاردک پانڈیا نے 2، اور ہرشیت رانا، اکشر پٹیل اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے کپتان روہت شرما 20 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شبمن گل نے 46 رنز بنائے اور ابرار احمد نے انہیں آؤٹ کیا۔ شریاس ایئر 56 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ ہاردک پانڈیا 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ویرات کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 111 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ ان کی اس کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بھارت نے 242 رنز کا ہدف 43ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2، جبکہ ابرار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر کپتان محمد رضوان نے امید ظاہر کی تھی کہ ٹیم اچھا اسکور کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فخر زمان کی جگہ امام الحق کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم، امام الحق، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔

اس شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات اگر مگر سے جڑ گئے ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے ہار چکا تھا، جبکہ بھارت نے افغانستان کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

اب پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے 27 فروری کو بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی میں بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔ ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو اپنے باقی دونوں میچز میں بھاری مارجن سے ہارنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان پیر کو راولپنڈی میں ہونے والا میچ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔ اگر نیوزی لینڈ جیت جاتا ہے یا بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہوجاتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔ تاہم اگر بنگلا دیش نیوزی لینڈ کو ہرا دیتا ہے تو پاکستان کے لیے ایک موقع باقی رہے گا۔

پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ 27 فروری کو جبکہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ 2 مارچ کو ہوگا۔ پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنا مشکل نظر آ رہا ہے، لیکن کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین