ممبئی:بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور ان کا خاندان جلد ہی اپنا مشہور بنگلہ ’منت‘ چھوڑ کر کچھ وقت کے لیے کرائے کے گھر میں منتقل ہونے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کے گھر ’منت‘ میں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنی بیوی گوری خان اور بچوں کے ساتھ عارضی طور پر ایک اپارٹمنٹ میں شفٹ ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق، کنگ خان کے محل جیسے بنگلے میں کئی بڑی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، اور اس دوران وہ ممبئی کے علاقے باندرہ کے پالی ہل میں منتقل ہوں گے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ’منت‘ ممبئی کے باندرہ علاقے کا ایک آئیکونک محل نما بنگلہ ہے، جو روزانہ سینکڑوں مداحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔ بھارت کے مختلف شہروں سے شاہ رخ خان کے مداح یہاں آ کر ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ’منت‘ کے بڑے دروازوں کے باہر انتظار کرتے ہیں۔