لاہور:صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعتراف کیا ہے کہ اتحادی حکومت کے ساتھ چلنا مجبوری ہے اور وہ جانتے ہیں کہ تحریری معاہدے کے نکات پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ لاہور میں گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی وفد اور تنظیمی رہنماؤں نے ان کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی وفد اور تنظیمی رہنماؤں نے ملاقات کی، جس میں پارٹی رہنماؤں نے اپنے تحفظات اور شکایات کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق، وفد نے شکوہ کیا کہ انتظامی معاملات میں پیپلز پارٹی کے اراکین کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم میں انہیں کوئی ترجیح نہیں دی جا رہی۔ وفد نے اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی صدر کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں شرکت کرنے والوں میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی، سابق گورنر مخدوم احمد محمود اور دیگر ارکانِ اسمبلی شامل تھے، جن میں سردار ممتاز علی چانگ، ملک واصف مظہر راں، جام رئیس نبیل، رانا اقبال سراج، قاضی احمد سعید، میاں کامران عبداللہ مڑل، سید عامر شاہ، حبیب الرحمان چانگ، انعام باری، نرگس فیض ملک، نیلم جبار اور شازیہ عابد کے نام نمایاں ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیراعظم سے اس معاملے پر بات کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے وفد کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ بجٹ تک انتظار کریں، کیونکہ اس دوران ان کے مسائل کے حل کی امید کی جا سکتی ہے۔