نیویارک سٹی:نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے اعلان کیا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل میں قائم مہاجرین کی پناہ گاہ جون 2025 میں بند کر دی جائے گی، جو کہ اصل معاہدے کی میعاد ختم ہونے سے ایک سال پہلے کا فیصلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق روزویلٹ ہوٹل 1924 میں کھولا گیا تھا اور اس کا نام امریکی صدر تھیوڈور روزویلٹ کے نام پر رکھا گیا۔ یہ ہوٹل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی ملکیت ہے اور نیویارک کے گرینڈ سینٹرل ٹرمینل کے قریب واقع ہے۔
2023 میں نیویارک سٹی اور پی آئی اے کے درمیان 220 ملین ڈالر کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ہوٹل 2026 تک مہاجرین کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونا تھا۔ تاہم، حالیہ مہینوں میں نیویارک میں آنے والے نئے مہاجرین کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جو 2023 میں 4,000 افراد فی ہفتہ سے کم ہو کر 350 افراد فی ہفتہ رہ گئی ہے۔
ریپبلکن سیاستدانوں اور کاروباری طبقے کی جانب سے شدید تنقید کے بعد نیویارک سٹی حکومت نے پناہ گاہ کے فیصلے پر نظرثانی کی، جبکہ شہر کو وفاقی امداد میں کمی کا بھی سامنا ہے، جس کے باعث مہاجرین کے لیے وسائل فراہم کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
معاہدے کی قبل از وقت منسوخی پی آئی اے کے لیے مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے، کیونکہ قومی ایئرلائن پہلے ہی معاشی بحران سے گزر رہی ہے۔ علاوہ ازیں، ہوٹل میں مہاجرین کی موجودگی کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا ہے، جس کی مرمت کے اخراجات بھی ایک بڑا سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔ نیویارک سٹی حکام نے بحالی کی ذمہ داری لینے کا عندیہ دیا ہے، لیکن یہ واضح نہیں کہ اس کے اخراجات کون برداشت کرے گا۔
معاہدے کی جلد منسوخی کے بعد پی آئی اے اور نیویارک حکام کے درمیان روزویلٹ ہوٹل کے مستقبل کے حوالے سے بات چیت کا آغاز ہونے والا ہے۔





















