گہرے سمندر کی ایک حیران کن دریافت نے سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے! روسی ماہی گیر نے ایک ایسی عجیب و غریب مچھلی پکڑی، جس کی غیرمعمولی شکل دیکھ کر لوگ اسے ایلین کہنے لگے۔ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں اس مچھلی کا خوفناک اور جیلی نما جسم سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نایاب لمپ سکر مچھلی ہے، جو سمندر کی تہہ میں رہتی ہے اور دباؤ میں تبدیلی کے باعث اس کا جسم پھول جاتا ہے۔
ماسکو: روس کے ایک تجربہ کار ماہی گیر نے گہرے سمندر میں ایک ایسی مچھلی پکڑی، جس کی غیرمعمولی ساخت نے سب کو دنگ کر دیا۔ اس مچھلی کی وائرل ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیرت زدہ رہ گئے اور اسے کسی خلائی مخلوق (ایلین) سے تشبیہ دینے لگے۔
یہ مچھلی رومن فیڈورٹسوو نامی ماہی گیر نے پکڑی، جو نایاب سمندری مخلوقات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ انہوں نے حالیہ دریافت میں ’لمپ سکر‘ نامی ایک نایاب مچھلی کی ویڈیو شیئر کی، جس کی عجیب و غریب ساخت اور بلبلے نما جسم نے صارفین کو حیران کر دیا۔
مچھلی کی بناوٹ اتنی انوکھی تھی کہ لوگوں نے اسے مشہور فلموں Mars Attack اور Megamind کے خلائی کرداروں سے تشبیہ دی۔ ویڈیو میں مچھلی کو جہاز کی ریلنگ پر رکھا دیکھا جا سکتا ہے، جس کا جیلی نما جسم اور عجیب خدوخال اسے مزید خوفناک بنا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس مچھلی پر دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا،”یہ تو 100% خلائی مخلوق لگ رہی ہے!” جبکہ دوسرے نے مذاق میں کہا، "کہیں یہ چرنوبل کی پیداوار تو نہیں؟” کچھ صارفین نے تو اسے خطرناک قرار دے کر ختم کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
ماہرین حیاتیات کا کہنا ہے کہ یہ مچھلی سمندر کی تہہ میں انتہائی گہرائی میں رہتی ہے اور سطح پر لانے پر دباؤ میں تیزی سے کمی کے باعث اس کا جسم پھول جاتا ہے۔ عام طور پر لمپ سکر مچھلی اپنی خاص سکشن ڈسک کی مدد سے پتھروں سے چمٹ کر رہتی ہے اور سمندر کی نچلی سطحوں پر پائی جاتی ہے۔
فیڈورٹسوو ماضی میں بھی خوفناک وولف فش، جیلی نما سمندری مخلوقات اور دیگر عجیب و غریب مچھلیوں کی تصاویر شیئر کر چکے ہیں۔ ان کی ہر نئی دریافت گہرے سمندر کے ان پراسرار رازوں کو اجاگر کرتی ہے، جو اب تک انسانوں کے لیے ایک معمہ ہیں۔