قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وسیم اکرم کی جانب سے ٹیم میں 5 سے 6 بڑی تبدیلیوں کی تجویز پر سخت ردعمل دیا۔ آفریدی نے سوال اٹھایا کہ اگر سینئر کھلاڑیوں کو نکال دیا جائے تو ان کا متبادل کون ہوگا؟ سابق آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا ضروری ہے، لیکن اگر بڑے ناموں کو ہٹانے کے باوجود ٹیم کی کارکردگی بہتر نہ ہوئی تو پھر کیا کیا جائے گا؟
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہونے کے بعد سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم سمیت کئی سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر شدید تنقید کی۔ وسیم اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم میں 5 سے 6 سینئر کھلاڑیوں کو نکال دینا چاہیے، کیونکہ ان کی موجودگی کے باوجود پاکستان کوئی بڑا ایونٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
وسیم اکرم نے ٹین اسپورٹس پر گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان اور دیگر کھلاڑیوں پر تنقید کی اور کہا کہ سلیکٹرز کو چاہیے کہ وہ ٹیم میں بہتری کے لیے بڑے فیصلے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کو 2026 کے ٹی20 ورلڈکپ کے لیے ابھی سے تیاری شروع کر دینی چاہیے اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع دینے چاہئیں، چاہے کچھ وقت کے لیے شکستیں برداشت کرنا پڑیں۔
تاہم، سابق کپتان شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی پر وسیم اکرم کے اس بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ "وسیم بھائی بتائیں، اگر ہم 5 سے 6 سینئر کھلاڑیوں کو نکال دیں تو ان کی جگہ لینے کے لیے تیار کھلاڑی کون ہیں؟”
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ صرف بڑے ناموں کو ٹیم سے نکال دینا مسئلے کا حل نہیں ہے، کیونکہ اگر نتائج پھر بھی بہتر نہ ہوئے تو کیا کیا جائے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑی جب ٹیم میں آئیں گے اور ہاریں گے تو یہی کہا جائے گا کہ یہ سب ورلڈکپ کی تیاریوں کا حصہ ہے، اور یوں بار بار ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کرنے کا سلسلہ چلتا رہے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث قومی ٹیم ایونٹ کے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہو گئی۔ اس ناکامی کے بعد شائقین کرکٹ اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے، اور ممکنہ طور پر بابر اعظم، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو نیوزی لینڈ کے دورے میں آرام دیا جا سکتا ہے۔