دنیا کی مشہور ترین کالنگ سروس کے اختتام کا وقت قریب

مائیکرو سافٹ نے اپنے ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم اسکائپ کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے

تقریباً 22 سال تک دنیا بھر کے صارفین کو ویڈیو اور آڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کرنے والی سروس "اسکائپ” جلد ہمیشہ کے لیے بند ہونے والی ہے۔ اس کا شمار ان ابتدائی پلیٹ فارمز میں ہوتا تھا جنہوں نے انٹرنیٹ پر رابطوں کو آسان بنایا۔ اب مائیکروسافٹ نے اسے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور صارفین کو ایک اور پلیٹ فارم پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

دنیا بھر میں مقبول ترین آڈیو اور ویڈیو کالنگ سروس "اسکائپ” کا سفر 2 دہائیوں بعد اختتام کے قریب پہنچ گیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق، مائیکرو سافٹ نے اپنے ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم اسکائپ کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ونڈوز کے لیے اسکائپ کے تازہ ترین ورژن کے پریویو میں ایک میسج شامل کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ مئی 2025 سے اسکائپ سروس دستیاب نہیں ہوگی۔

یہ سروس 2003 میں متعارف کرائی گئی تھی اور 2011 میں مائیکروسافٹ نے اسے خرید لیا تھا۔ اسکائپ وہ پہلی سروسز میں شامل تھی جس نے صارفین کو انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دنیا میں آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی سہولت دی۔

گزشتہ برسوں میں مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کے متعدد فیچرز کو آہستہ آہستہ ختم کرنا شروع کردیا تھا، جیسے کہ ونڈوز لائیو میسنجر کو ہٹا دیا گیا تھا۔

2015 میں مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کو ونڈوز 10 کا لازمی حصہ بنانے کی کوشش کی، لیکن 9 ماہ بعد اس پر عملدرآمد روک دیا گیا۔

مائیکرو سافٹ کو اسکائپ کے اندرونی مقابلے کا سامنا تھا کیونکہ 2017 میں کمپنی نے "ٹیمز” کو متعارف کرایا، جو سلیک جیسے پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

ٹیمز کو دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں نے اپنا لیا اور وہ کاروباری اور ادارتی رابطوں کے لیے ایک مقبول پلیٹ فارم بن گیا۔ اسی وجہ سے گزشتہ چند سالوں سے اسکائپ کے مستقبل پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔

نئی رپورٹ کے مطابق، جو صارفین ابھی بھی اسکائپ استعمال کر رہے ہیں، انہیں ٹیمز پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا جائے گا۔

پریویو میسج میں صارفین کو بتایا جائے گا کہ وہ اپنی چیٹس اور کالز ٹیمز پر جاری رکھ سکتے ہیں۔ جلد ہی یہ پیغام تمام اسکائپ صارفین کو ان کی ایپ پر نظر آئے گا۔

ابھی تک مائیکروسافٹ کی جانب سے اس فیصلے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، لیکن اسکائپ کے صارفین کو جلد ہی نئی تبدیلی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین