آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بہاولپور کنٹونمنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کی جدید جنگی تربیت پر زور دیا۔ انہوں نے جوانوں اور افسران کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سخت ٹریننگ پیشہ ورانہ مہارت کے لیے ضروری ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اور نوجوانوں کو قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج کی تربیت جدید جنگی رجحانات کے مطابق جاری ہے، تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں سامنا کیا جا سکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ آرمی چیف نے بہاولپور کنٹونمنٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بہاولپور کور کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس موقع پر آرمی چیف کو بہاولپور کور کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی غیر متزلزل لگن، حوصلے اور حربی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سخت ٹریننگ ایک بہترین سپاہی کی پہچان ہے اور یہ پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید جنگی حربوں سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
مزید برآں، آرمی چیف نے سی ایم ایچ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، انووسیٹا چولستان اور آئی سی ایس ایرینا کا بھی افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے بہاولپور کی جامعات کے طلبہ سے گفتگو کی اور نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں، کیونکہ پاکستان کے روشن مستقبل میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔