عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ آج بھی عالمی سطح پر سونا مزید مہنگا ہوگیا، جس کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑا۔ سونے کی فی اونس اور فی تولہ قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 12 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی اونس سونا 2869 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی سطح پر بھی سونا مہنگا ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1500 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 1 ہزار 500 روپے ہوگئی۔
اسی طرح، فی دس گرام سونے کی قیمت میں 1286 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے نئی قیمت 2 لاکھ 58 ہزار 487 روپے ہوگئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی تولہ چاندی 30 روپے مہنگی ہو کر 3270 روپے تک جا پہنچی، جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 26 روپے اضافے کے بعد 2803 روپے ہوگئی۔