16 بیویاں، 100 سے زائد بچے اور 144 پوتے! تنزانیہ کا شخص سوشل میڈیا پر موضوع بحث

اپنے والد کی خواہش پر اپنے خاندان کو بڑا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کی پہلی شادی 1961 میں ہوئی

افریقہ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص اپنی 16 شادیوں اور بڑی فیملی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ آج کل جہاں دو یا تین بچوں کی پرورش مشکل سمجھی جاتی ہے، وہیں یہ شخص اپنی بڑھتی ہوئی فیملی کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تنزانیہ کے ایک چھوٹے سے گاؤں کا رہائشی مزی ارنسٹو اپنی 16 بیویوں، 100 سے زائد بچوں اور 144 پوتوں کے ساتھ ایک منفرد طرز زندگی گزار رہا ہے۔ اس کا گھر کسی چھوٹے گاؤں کی طرح لگتا ہے، جہاں ہر بیوی کے لیے الگ گھر بنایا گیا ہے۔ یہاں ہر شخص اپنے ذمہ داری کے کام سر انجام دیتا ہے اور بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف رہتا ہے۔

فیملی بڑھانے کا آغاز کیسے ہوا؟

ایک حالیہ انٹرویو میں مزی ارنسٹو نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کی خواہش پر اپنے خاندان کو بڑا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کی پہلی شادی 1961 میں ہوئی اور ایک سال بعد پہلا بچہ پیدا ہوا۔ لیکن ان کے والد نے انہیں سمجھایا کہ ایک بیوی کافی نہیں ہوگی اور انہیں مزید شادیاں کرنی چاہئیں۔

مزی کے والد نے شادی کا سارا خرچ اٹھانے کی پیشکش کی، لیکن شرط یہ رکھی کہ وہ زیادہ بیویاں رکھنے اور زیادہ بچے پیدا کرنے پر راضی ہوں۔ والد کی اس خواہش کو پورا کرتے ہوئے مزی ارنسٹو نے اپنی زندگی خاندان کو بڑا کرنے کے لیے وقف کر دی اور آج وہ اپنی بہت بڑی فیملی کے ساتھ خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین