کینبرا :کینبرا میں ایندھن اور خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے ساتھ ساتھ روس-یوکرین جنگ کے اثرات نے دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ کیا، جس کے باعث آسٹریلیا جیسے امیر ملک کے شہری بھی شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے سبب ملک میں سیکڑوں مرد و خواتین کوڑا چننے اور فروخت کرنے کے روزگار پر لگ گئے ہیں۔ یہ افراد روزانہ گھروں کے باہر رکھے بن سے قابل فروخت کچرا تلاش کرتے ہیں اور اسے بیچ کر اپنی ضروریات پوری کرتے ہیں، جس سے انہیں بجلی، گیس اور خوراک کے بل ادا کرنے میں مدد ملتی ہے۔
مہنگائی سے متاثرہ شہریوں کی سہولت کے لیے آسٹریلوی حکومت نے "ریٹرن اینڈ ایرن” نامی ایک اسکیم متعارف کروائی ہے، جس کے تحت لوگ حکومت کو کوڑا بیچ کر روزانہ 40 سے 80 ڈالر (تقریباً 11,500 سے 26,000 پاکستانی روپے) تک کما رہے ہیں۔