شہر قائد میں رات اور صبح کے وقت ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کی وجہ بلوچستان سے آنے والی سرد ہوائیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی جزوی طور پر واپس آ گئی ہے، اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی میں سرد ہواؤں نے رات اور صبح کے وقت موسم کو مزید ٹھنڈا کر دیا ہے، اور کم سے کم درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت 8.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہو کر 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ پچھلے دن کم سے کم درجہ حرارت 20.4 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 31.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور آسمان صاف رہے گا۔ اس دوران رات اور صبح کے وقت موسم سرد جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت قدرے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
مزید یہ کہ، آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ 5 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔