صائم ایوب اور فخر زمان اسکواڈ میں کیوں نہیں؟ کیا وہ پی ایس ایل کھیلیں گے؟

دونوں کھلاڑیوں کو میڈیکل وجوہات کی بنا پر حالیہ سیریز میں کسی بھی فارمیٹ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے انجری زدہ کھلاڑیوں صائم ایوب اور فخر زمان کی فٹنس کی تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے۔ دونوں کھلاڑی حالیہ سیریز میں شامل نہیں ہو سکے، لیکن پی سی بی نے ان کے پی ایس ایل 10 میں واپسی کی امید ظاہر کی ہے۔

صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے ٹخنے کی چوٹ کا شکار ہوئے تھے۔ ڈاکٹروں نے انہیں 6 ہفتے کے آرام کا مشورہ دیا تھا، جس کی وجہ سے وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے تھے۔ ان کی چوٹ کی وجہ سے وہ قومی ٹیم کے حالیہ اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے۔

دوسری طرف، فخر زمان آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔ طویل عرصے بعد انہیں قومی ٹیم میں واپس بلایا گیا تھا، لیکن 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں چوٹ لگنے کے بعد وہ بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ فی الحال وہ لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

پی سی بی نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو میڈیکل وجوہات کی بنا پر حالیہ سیریز میں کسی بھی فارمیٹ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔ تاہم، پی سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ صائم ایوب اور فخر زمان 11 اپریل 2025 کو شروع ہونے والے پاکستان سپر لیل 10 کے لیے مکمل طور پر فٹ ہو جائیں گے۔

پی ایس ایل 10 کا آغاز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، اور دونوں کھلاڑیوں کی واپسی سے ٹورنامنٹ میں مزید دلچسپی پیدا ہوگی۔ صائم ایوب اور فخر زمان کی بحالی کے عمل پر نظر رکھی جا رہی ہے، اور امید ہے کہ وہ پی ایس ایل میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین