افغان کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن

یکم اپریل 2025سے ملک بدری کا عمل شروع کر دیا جائے گا

پاکستان میں رہنے والے افغان کارڈ ہولڈرز کے لیے حکومت نے حتمی فیصلہ سنا دیا۔ انہیں 31 مارچ 2025 تک ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے، جبکہ اس کے بعد یکم اپریل سے ملک بدری کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے افراد کو 31 مارچ 2025 تک پاکستان چھوڑنا ہوگا۔ حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے لیے "غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا پروگرام” (IFRP) یکم نومبر 2023 سے نافذ کر رکھا ہے۔
اس فیصلے کے تسلسل میں اب قومی قیادت نے افغان کارڈ ہولڈرز کو بھی واپس بھیجنے کا حتمی اعلان کر دیا ہے۔ حکومت نے تمام غیر قانونی غیر ملکیوں اور افغان کارڈ ہولڈرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 31 مارچ 2025 سے پہلے خود ہی ملک چھوڑ دیں، بصورت دیگر یکم اپریل 2025 سے ان کی ملک بدری کا آغاز کر دیا جائے گا۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت نے ان کی عزت و وقار کے ساتھ واپسی کے لیے پہلے ہی مناسب وقت دے دیا ہے۔ وطن واپسی کے عمل میں کسی بھی غیر ملکی کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔ مزید برآں، واپس جانے والے افراد کے لیے خوراک اور صحت کی سہولیات کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے ایک مہمان نواز ملک اور ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتا آیا ہے۔ تاہم، اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ جو بھی پاکستان میں رہتا ہے وہ ملکی قوانین کی پاسداری کرے اور تمام قانونی تقاضے پورے کرے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین