لاہور:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے دوران بہترین سیکیورٹی انتظامات پر پاکستانی فوج، رینجرز اور پولیس کی خدمات کو سراہا۔ آئی سی سی کے سیکیورٹی منیجر ڈاکٹر ڈیو مسکر نے پاکستانی اداروں کے پیشہ ورانہ انداز اور مکمل تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ نے دنیا بھر میں پاکستان، عوام اور سیکیورٹی اداروں کا مثبت امیج پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے 24 سال بعد کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کی، جس میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں دس میچز کھیلے گئے، جن میں ایک سیمی فائنل بھی شامل تھا۔ ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی صحافیوں سمیت غیر ملکی مہمانوں نے بھی پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کی کھل کر تعریف کی۔
ڈاکٹر ڈیو مسکر نے پاکستان میں میچز کے اختتام پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ پاکستانی پولیس، رینجرز اور فوج کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ٹورنامنٹ کے آغاز سے لے کر اختتام تک بہترین سیکیورٹی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں کئی ٹیموں کو پاکستان آنے پر تحفظات تھے، لیکن اب کوئی شک نہیں کہ یہاں سیکیورٹی کا معیار اور پیشہ ورانہ مہارت اعلیٰ درجے کی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، تاہم دیگر تمام چھ غیر ملکی ٹیمیں، آئی سی سی آفیشلز اور سینکڑوں غیر ملکی مہمان ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان آئے اور یہاں کے بہترین انتظامات کو سراہا۔
ایک ماہ سے زائد جاری رہنے والے اس ایونٹ نے پاکستان میں سیاحت، ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ، کیٹرنگ اور دیگر صنعتوں کو مالی فائدہ پہنچایا۔ بھارتی صحافیوں اور غیر ملکی میڈیا ٹیموں نے پاکستان میں وقت گزارا اور ملک کی مثبت تصویر دنیا کو دکھائی۔
پاکستان نے اس سے قبل 1996 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی، اور اب چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے بعد مستقبل میں مزید بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے دروازے کھلنے کی امید ہے۔





















