موٹرویز پر مقررہ رفتار سے تجاوز کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی جاری

درجنوں ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج، گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں

اسلام آباد:ملک بھر میں موٹرویز پر مقررہ رفتار سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری، درجنوں ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج، گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں
تفصیلات کے مطابق ملک کی مختلف موٹرویز پر تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
سینٹرل ریجن میں اب تک 12 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے۔ یہ کارروائیاں لاہور-سیالکوٹ موٹروے (M-2)، لاہور-ملتان موٹروے (M-3)، اور موٹروے M-4 اور M-5 پر عمل میں لائی گئیں۔
موٹروے پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کو گاڑیوں سمیت تحویل میں لے کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔ درج مقدمات میں غفلت اور تیز رفتاری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق تین لین والی موٹروے پر کاروں کی حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ پبلک سروس گاڑیوں کے لیے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے۔
آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر تیز رفتاری کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے تاکہ حادثات کو کم کیا جا سکے اور قومی شاہراہوں پر سفر کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ محفوظ سفر ان کی اولین ترجیح ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے گی۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین