بھارت میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے مہاراشٹر کے وزیر گلاب راو پٹیل نے ایک منفرد مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین کو اپنے بیگ میں لپ اسٹک کے ساتھ خنجر اور مرچ پاؤڈر بھی رکھنا چاہیے تاکہ وہ کسی بھی خطرناک صورتحال میں اپنی حفاظت کر سکیں۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیر اور شیو سینا کے رہنما گلاب راو پٹیل نے خواتین کو اپنی حفاظت کے لیے خنجر اور مرچ پاؤڈر ساتھ رکھنے کی تجویز دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، انہوں نے یہ بیان خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کے دوران دیا۔
گلاب راو پٹیل کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم خواتین کے بااختیار ہونے کی بات کرتے ہیں، لیکن آج بھی انہیں ہراسانی اور جرائم کا سامنا ہے۔ انہوں نے نوجوان خواتین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بیگ میں یہ ضروری اشیاء ضرور رکھیں تاکہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں اپنا دفاع کر سکیں۔
اپنی تقریر کے دوران انہوں نے 25 فروری کو پونے میں ایک بس میں 26 سالہ لڑکی کے ساتھ ہونے والے افسوسناک واقعے کا بھی ذکر کیا اور خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو خودمختار بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی حفاظت کے لیے عملی اقدامات بھی کرنے چاہئیں تاکہ وہ کسی بھی خطرے کا سامنا کر سکیں۔