فلم ’’ڈر‘‘ میں ولن کا کردار شاہ رخ سے پہلے کس اداکار کو پیش کیا گیا تھا؟

فلم میں شاہ رخ خان کا جنونی انداز، خاص طور پر "کک، کک، کک کرن" ڈائیلاگ، بے حد مقبول ہوا

بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ 1993 میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم "ڈر” میں ولن کا کردار پہلے انہیں پیش کیا گیا تھا، مگر کچھ وجوہات کی بنا پر انہوں نے اسے کرنے سے انکار کر دیا۔ بعد میں یہ کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا اور اپنی شاندار اداکاری سے فلم کو ایک نئی پہچان دی۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے ایک تقریب میں حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ فلم "ڈر” میں جنونی ولن راہل مہرہ کا کردار پہلے انہیں آفر کیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، عامر خان نے بتایا کہ یش چوپڑا نے اس کردار کے لیے ابتدا میں انہیں منتخب کیا تھا، لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر انہوں نے معذرت کر لی۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ "ڈر” ایک شاندار فلم تھی اور اس میں راہل مہرہ کا کردار درحقیقت شاہ رخ خان کے لیے ہی بنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا، "شاہ رخ نے اس رول میں زبردست اداکاری کی، میرا نہیں خیال کہ میں اس کردار سے ویسا انصاف کر سکتا جو شاہ رخ نے کیا۔ انہوں نے اس کردار کو امر کر دیا۔”

واضح رہے کہ 24 دسمبر 1993 کو ریلیز ہونے والی فلم "ڈر” نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔ فلم میں سنی دیول نے ہیرو کا کردار نبھایا تھا، جبکہ جوہی چاولہ نے مرکزی خاتون کردار "کرن” ادا کیا تھا۔ فلم میں شاہ رخ خان کا جنونی انداز، خاص طور پر "کک، کک، کک کرن” ڈائیلاگ، بے حد مقبول ہوا اور اس نے ان کے کیریئر کو کامیابی کی راہ پر گامزن کر دیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین