لاہور:لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج موسم ابر آلود رہے گا، تاہم بارش کے امکانات کم ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ 14 اور 15 مارچ کو صوبے بھر میں بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بادل چھائے رہیں گے۔ راولپنڈی اور گجرانوالہ ڈویژن میں کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جب کہ لاہور میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی، تاہم بارش کی توقع کم ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 11 سے 13 مارچ تک کہیں موسم ابر آلود رہے گا اور کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے، جب کہ 14 اور 15 مارچ کو صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے (پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کی جانب سے بھی 9 سے 16 مارچ کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لاہور میں گزشتہ روز موسم خشک رہا اور آج بھی بارش کا امکان نہیں ہے۔