مارک کارنی کینیڈا کے نئے وزیراعظم منتخب، ٹرمپ کو کھری کھری سنادیں

ڈونلڈ ٹرمپ ہمیں تقسیم کرکے کمزور کرنا چاہتے ہیں، لیکن کینیڈا کبھی امریکہ کا حصہ نہیں بنے گا

اوٹاوا:کینیڈا کی حکمران جماعت لبرل پارٹی نے سابق مرکزی بینکار مارک کارنی کو اپنا نیا رہنما منتخب کر لیا ہے، جو جلد ہی وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ مارک کارنی نے 85.9 فیصد ووٹ حاصل کیے، جس کے بعد وہ موجودہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جگہ لیں گے۔
مارک کارنی کا انتخاب ایسے وقت میں ہوا ہے جب کینیڈا اور امریکہ کے تعلقات میں تناؤ بڑھ رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈین مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے اور کینیڈا کے کچھ حصوں کو امریکہ میں شامل کرنے کی دھمکیوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
اپنی کامیابی کے بعد اوٹاوا میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارک کارنی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہمیں تقسیم کرکے کمزور کرنا چاہتے ہیں، لیکن کینیڈا کبھی امریکہ کا حصہ نہیں بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک امریکہ ہمیں عزت نہیں دے گا، جوابی ٹیرف عائد رہیں گے۔
سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ قوم کے لیے یہ فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ ہمسایوں کی طرف سے کینیڈا کے وجود کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، اور ہم ایک قوم بن کر اس کا سامنا کریں گے۔
مارک کارنی بینک آف کینیڈا اور بینک آف انگلینڈ کے سابق گورنر رہ چکے ہیں اور انہیں اقتصادی بحرانوں سے نمٹنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ ان کی قیادت میں لبرل پارٹی امید کرتی ہے کہ وہ موجودہ چیلنجز کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کر سکیں گے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین