چیمپیئنز ٹرافی کا تاج بھارت کے سر، نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرادیا

بھارت نے 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا کر ہدف مکمل کرلیا

بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو 252 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے بھارتی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے تیسری بار چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا فائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ مائیکل بریسویل 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ راچن رویندرا 37، گلین فلپس 34، ول ینگ 15، کین ولیمسن 11 اور ٹام لیتھم 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی طرف سے کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی نے 2، 2 جبکہ رویندرا جڈیجا اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے 251 رنز کے تعاقب میں بھارتی کپتان روہت شرما نے اپنے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے شبمن گل کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 105 رنز جوڑے۔

شبمن گل 50 گیندوں پر 31 رنز بنا کر گلین فلپس کے شاندار کیچ کا شکار بنے۔ اس کے بعد ویرات کوہلی میدان میں آئے، لیکن وہ صرف 2 گیندوں پر 1 رن بنا کر بریسویل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

روہت شرما نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، لیکن وہ رویندرا کی گیند پر وکٹ کیپر ٹام لیتھم کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔ اس وقت بھارت کا اسکور 122 رنز تھا۔

شریاس آئیر نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی، لیکن وہ 48 رنز بنا کر 183 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں اس سے پہلے ول ینگ نے ایک آسان کیچ ڈراپ کرکے موقع فراہم کیا تھا، جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

آکشر پٹیل نے 29 رنز بنائے، لیکن وہ بھی بریسویل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہول نے شراکت قائم کی اور ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔ پانڈیا 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کے ایل راہول 34 اور رویندرا جڈیجا 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت نے 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا کر ہدف مکمل کرلیا اور یوں چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح بنی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، لیکن بھارتی بلے بازوں نے ان کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

نیوزی لینڈ نے 2000 میں بھارت کو شکست دے کر پہلی بار چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی، جبکہ 2009 میں آسٹریلیا کے ہاتھوں فائنل ہارا تھا۔ بھارت پہلی بار 2000 میں فائنل میں پہنچا، لیکن نیوزی لینڈ نے اسے شکست دے دی۔

2002 میں بھارت اور سری لنکا مشترکہ فاتح قرار پائے، جبکہ 2013 میں بھارت نے انگلینڈ کو ہرا کر دوسری بار ٹرافی جیتی۔ 2017 کے فائنل میں بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ: مچل سینٹنر (کپتان)، ول ینگ، راچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، کائل جیمیسن، نیتھن اسمتھ اور ول او رویک۔

بھارت: روہت شرما (کپتان)، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس آئیر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، کلدیپ یادیو، محمد شامی اور ورون چکرورتی۔

بھارت کی اس کامیابی کے بعد شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور ٹیم کی شاندار کارکردگی کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین