انوکھی ویب سائٹ جو موت کی تاریخ کی پیشگوئی کرتی ہے، مگر کیسے؟

کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کی موت کب ہوگی؟ اگرچہ یہ ممکن نہیں، مگر ایک نئی ویب سائٹ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کی مدد سے آپ کی موت کی تاریخ کا اندازہ لگا سکتی ہے۔

یہ ویب سائٹ صارف سے اس کی تاریخ پیدائش، جنس، تمباکو نوشی اور شراب نوشی کی عادات، وزن اور زندگی کے بارے میں سوچ جیسے عوامل کی تفصیلات لیتی ہے۔ پھر ایک کتبے کی شکل میں موت کی متوقع تاریخ ظاہر کرتی ہے۔

اگر کوئی شخص مزید جاننے کی ہمت رکھتا ہو تو ویب سائٹ میں ایک اضافی آپشن بھی موجود ہے، جس پر کلک کر کے وہ اپنی متوقع موت کی ممکنہ وجہ بھی معلوم کر سکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ویب سائٹ واضح طور پر کہتی ہے کہ یہ صرف ایک تفریحی سروس ہے اور اس کی پیشگوئیوں کو حقیقت نہیں سمجھنا چاہیے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ایسی کوئی سروس متعارف کرائی گئی ہو۔ اس سے قبل ایک موبائل ایپ بھی اسی نام سے لانچ کی گئی تھی، جو ایک مختلف طریقہ کار پر کام کرتی تھی۔

اس ایپ کو 1200 سے زائد سائنسی تحقیقات کے ڈیٹا پر تربیت دی گئی تھی، جس میں 5 کروڑ 30 لاکھ افراد کی معلومات شامل تھیں۔ یہ ایپ غذا، ورزش، تمباکو نوشی، نیند اور تناؤ جیسے عوامل کا تجزیہ کر کے موت کی متوقع تاریخ کا اندازہ لگاتی تھی۔

اس ایپ کے تخلیق کار برینٹ فرانسن کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد لوگوں کو اپنی صحت کا خیال رکھنے پر آمادہ کرنا تھا، اور ایپ میں دکھایا جانے والا "ڈیتھ ڈے کارڈ” درحقیقت صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

ایسی ویب سائٹس اور ایپس بھلے ہی تفریحی ہوں، مگر یہ لوگوں کو اپنی صحت اور طرز زندگی پر غور کرنے پر ضرور مجبور کر دیتی ہیں۔ کیا آپ ایسی ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات درج کر کے اپنی موت کی تاریخ جاننا چاہیں گے؟

متعلقہ خبریں

مقبول ترین