یوٹیلیٹی اسٹورز کو ہمیشہ کے لیے الوداع، بدترین کرپشن کی داستانیں زبان زد عام تھیں، وزیراعظم

حکومت نے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کرایا ہے

وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کو مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں ہونے والی کرپشن کی کہانیاں سب کو معلوم تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے مختص حکومتی فنڈز میں خرد برد کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔ حکومت نے کرپشن سے پاک نیا نظام متعارف کروایا ہے، جس کے تحت 40 لاکھ خاندانوں کو جدید ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے براہ راست امداد دی جا رہی ہے، تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق سامان خرید سکیں۔

اسلام آباد میں رمضان 2025 مانیٹرنگ نظام کے جائزہ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کو ہمیشہ کے لیے بند کرنے کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور ناقص معیار کی شکایات عام تھیں، جس کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا پیسہ دراصل عوام کا پیسہ ہوتا ہے، اور اگر وہ بدعنوانی کی نذر ہو جائے تو یہ عام آدمی کے ساتھ سب سے بڑا ظلم ہے۔ اسی لیے حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کا متبادل ایک شفاف اور موثر نظام کی صورت میں متعارف کرایا ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کرایا ہے، جس سے 2 کروڑ سے زائد افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ اس منصوبے پر 20 ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے اور اس کے تحت ہر خاندان کو 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی ضروریات کے مطابق خریداری کر سکیں۔

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ عوام کو بغیر کسی دھوکہ دہی کے مکمل شفافیت کے ساتھ ریلیف دیا گیا ہے۔ اس نئے نظام میں کسی قسم کی شکایت سامنے نہیں آئی، اور عوام کو معیاری اشیاء ان کی مرضی کے مطابق خریدنے کا موقع ملا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین