کراچی: عیدالفطر سے قبل سرکاری ملازمین کے لئے خوشی کی خبر آگئی،ایڈوانس تنخواہیں دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو عیدالفطر سے قبل ایڈوانس تنخواہیں جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق سندھ کے تمام سرکاری ملازمین کو 21 مارچ کو تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق، اس سال رمضان المبارک کے 29 روزے ہونے کا امکان ہے اور عیدالفطر 31 مارچ بروز پیر کو منائی جائے گی۔ اگر رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہوئے تو عیدالفطر یکم اپریل بروز منگل کو ہوگی، جو 3 اپریل تک جاری رہے گی۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق، پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 30 مارچ کی شام عید کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں، کیونکہ اس وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے ہوگی، جو چاند نظر آنے کی شرائط کے مطابق ہے۔
چونکہ ہفتہ اور اتوار پہلے سے ہی سرکاری تعطیلات ہیں، اس لیے عیدالفطر کی چھٹیوں کے ساتھ کم از کم چھ روز کی طویل تعطیلات متوقع ہیں، جو ملازمین کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی۔