موجودہ حالات کے پیش نظر پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ

پنجاب پولیس کی جانب سے سرچ آپریشنز اور فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری

لاہور:پنجاب میں موجودہ حالات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے سرچ آپریشنز اور فرضی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے، جن کے دوران مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈاکٹر عثمان انور نے ملک کے موجودہ حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، صوبے بھر میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور فرضی مشقیں جاری ہیں۔
گزشتہ دو روز میں پنجاب بھر میں 791 سرچ آپریشنز کیے گئے، جبکہ 7 مقامات پر فرضی مشقیں بھی ہوئیں۔ ان سرچ آپریشنز کے دوران پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان، عادی مجرموں اور دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 30 بندوقیں، 21 ہینڈ گنز اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے یہ مشقیں جاری رہیں گی۔ ان مشقوں میں پنجاب پولیس کے ساتھ سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122 اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین