بالی ووڈ کے مشہور اداکار عامر خان اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ایک حیران کن اعلان کر کے خبروں میں آگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، اداکار نے اپنی سالگرہ کے جشن میں اپنی 25 سال پرانی دوست گوری سے سب کو ملوایا اور ایسا عندیہ دیا جس سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ وہ تیسری شادی کرنے جا رہے ہیں۔
بالی ووڈ کے "مسٹر پرفیکشنسٹ” عامر خان 14 مارچ کو 60 سال کے ہو جائیں گے۔ اپنی سالگرہ کی تقریب میں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ایک قریبی دوست گوری کا تعارف کرایا اور بتایا کہ وہ ایک دوسرے کو 25 سال سے جانتے ہیں۔
اداکار نے مزید کہا "جب ہم ملے تو ہم دونوں سنگل تھے، لیکن اب ہمارے بچے جوان ہو چکے ہیں۔ ہم ڈیڑھ سال سے ایک ساتھ ہیں، ایک دوسرے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔”
عامر خان نے مزید انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی دوست گوری کو شاہ رخ خان اور سلمان خان سے بھی ملوایا۔
عامر خان نے بتایا کہ گوری پروڈکشن کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ان کے ساتھ کافی وقت گزارتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا:
"میں ہر روز ان کے لیے گانا گاتا ہوں، اور آج بھی میں ان کے لیے کچھ گنگناؤں گا۔”
اس موقع پر عامر نے مشہور نغمہ "کبھی کبھی میرے دل میں خیال آتا ہے” بھی گایا۔
عامر خان نے اپنی بلاک بسٹر فلم "لگان” کے کردار بھوون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
"بھوون کو اپنی گوری مل گئی۔”
یہ جملہ فلم کے اس کردار کی یاد دلاتا ہے جس میں گریسی سنگھ نے گوری کا کردار نبھایا تھا، جو فلم میں بھوون سے محبت کرتی ہیں۔
جب عامر خان سے تیسری شادی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا:
"مجھے نہیں معلوم کہ 60 سال کی عمر میں شادی کرنا مجھے جچتا ہے یا نہیں، لیکن میرے بچے بہت خوش ہیں۔”
اداکار نے مزید کہا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ ان کے سابقہ بیویوں کے ساتھ تعلقات اب بھی دوستانہ ہیں۔
عامر خان نے پہلی شادی فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے کی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں۔ یہ شادی 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
بعد ازاں انہوں نے ڈائریکٹر کرن راؤ سے 2005 میں دوسری شادی کی، جس سے ان کا ایک بیٹا آزاد ہے۔ یہ شادی 2021 میں ختم ہوگئی۔
عامر خان کے اس انکشاف کے بعد ان کی ممکنہ تیسری شادی کے بارے میں قیاس آرائیاں مزید زور پکڑ گئی ہیں، لیکن اداکار نے اب تک واضح طور پر شادی کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔