ڈاکٹر سفید اور وکیل کالا کوٹ کیوں پہنتے ہیں؟ جانیے دلچسپ وجوہات

ہر پیشے کی اپنی ایک منفرد شناخت ہوتی ہے، اور لباس اس شناخت کا اہم حصہ ہے۔

کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ ڈاکٹر ہمیشہ سفید کوٹ اور وکیل کالا کوٹ کیوں پہنتے ہیں؟ کیا یہ محض ایک روایت ہے یا اس کے پیچھے کوئی خاص وجہ موجود ہے؟ دراصل، ہر پیشے کی اپنی ایک منفرد شناخت ہوتی ہے، اور لباس اس شناخت کا اہم حصہ ہے۔ جیسے پولیس اہلکار کو اس کی وردی سے پہچانا جاتا ہے، اسی طرح ڈاکٹرز اور وکلا بھی اپنے مخصوص لباس سے پہچانے جاتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ ڈاکٹر سفید اور وکیل کالا کوٹ کیوں پہنتے ہیں اور اس کی کیا اہمیت ہے؟

ڈاکٹرز کے سفید کوٹ پہننے کی سب سے بڑی وجہ صفائی اور پاکیزگی کی علامت ہے۔ سفید رنگ نہ صرف ایمانداری اور روحانی پاکیزگی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بھی ہے۔ اس رنگ پر ذرا سی گندگی بھی فوراً نظر آ جاتی ہے، جس کی وجہ سے صفائی کا خیال رکھنا آسان ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ، سفید کوٹ ایمرجنسی کی صورت میں ڈاکٹرز کو آسانی سے پہچاننے میں مدد دیتا ہے۔ اسپتال کے مصروف ماحول میں جہاں کئی لوگ موجود ہوتے ہیں، سفید کوٹ پہننے والے ڈاکٹرز فوراً نمایاں ہو جاتے ہیں، جس سے مریضوں کو فوری مدد ملنے میں آسانی ہوتی ہے۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ سفید رنگ ذہن کو سکون فراہم کرتا ہے، اور چونکہ ڈاکٹروں کو اپنے کام کے دوران یکسوئی اور ذہنی سکون کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے یہ رنگ ان کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔

دوسری طرف، وکلا اور ججز کالا کوٹ اس لیے پہنتے ہیں کہ یہ رنگ انصاف اور غیر جانبداری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ کالا وہ واحد رنگ ہے جس میں کوئی اور رنگ شامل نہیں کیا جا سکتا، اور یہ بات اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عدالت میں دیے جانے والے فیصلے حتمی اور غیر جانبدار ہوتے ہیں۔

تاریخی طور پر، برطانیہ میں 17ویں صدی میں بادشاہ چارلس دوم کی وفات کے بعد وکلا اور ججز نے سیاہ لباس پہننا شروع کیا، جو بعد میں ایک روایت بن گیا۔ اس وقت سے لے کر آج تک وکلا کے لیے کالا کوٹ پیشے کا لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے۔

کالا کوٹ وکلا کی سنجیدگی، صبر و تحمل اور انصاف پسندی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ یہ اس بات کی نشانی ہے کہ وکیل قانون کے مطابق کام کریں گے اور ہر معاملے کو مکمل دیانت داری سے دیکھیں گے، تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

مختصر یہ کہ ڈاکٹرز کا سفید کوٹ صفائی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کی علامت ہے، جب کہ وکلا کا کالا کوٹ انصاف، غیر جانبداری اور سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ دونوں رنگ محض فیشن یا روایت کا حصہ نہیں بلکہ ان کے گہرے مفہوم اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین