سانحہ جعفر ایکسپریس ، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان آج اہم پریس کانفرنس کرینگے

یہ پریس کانفرنس شام 3:30 بجے ہوگی، جس میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے اور سیکیورٹی فورسز کے ریسکیو آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی

اسلام آباد:جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دلخراش واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج ایک اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
یہ پریس کانفرنس شام 3:30 بجے ہوگی، جس میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے اور سیکیورٹی فورسز کے ریسکیو آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ڈی جی آئی ایس پی آر واقعے سے متعلق اہم نکات اور تحقیقات کے ابتدائی نتائج بھی پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ 11 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر اس وقت حملہ کیا گیا، جب ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ نامعلوم مسلح افراد نے اچانک ٹرین پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حملے کے دوران دہشت گردوں نے 440 مسافروں کو یرغمال بنا لیا اور انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کلیئرنس آپریشن کیا، جس میں 33 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ 21 مسافر اور جوان شہید ہو گئے۔
یہ واقعہ ملک بھر میں غم و غصے کا باعث بنا ہے، اور عوام کو آج کی پریس کانفرنس میں اہم انکشافات کا انتظار ہے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین