ملک میں سونے کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور مسلسل دوسرے روز فی تولہ نرخ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آئی ہے۔ آج سونے کی قیمت 4 ہزار 700 روپے اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ 14 ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جس نے صرافہ بازاروں میں ہلچل مچا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق، 24 قیراط خالص سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 700 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 14 ہزار روپے ہوگئی۔ اسی طرح، 24 قیراط 10 گرام سونے کے نرخ 4 ہزار 30 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 69 ہزار 204 روپے تک جا پہنچے، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار 694 روپے مہنگا ہو کر 2 لاکھ 46 ہزار 779 روپے میں فروخت ہوا۔
چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی تولہ چاندی 90 روپے مہنگی ہو کر 3 ہزار 530 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی 77 روپے اضافے کے ساتھ 3 ہزار 26 روپے میں دستیاب رہی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق، عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 46 ڈالر بڑھ کر 2 ہزار 988 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
یہ بھی واضح رہے کہ ایک روز قبل (13 مارچ کو) سونے کی قیمت میں 2 ہزار 800 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ نرخ 3 لاکھ 9 ہزار 300 روپے ہوگئے تھے۔ اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونا 2 ہزار 400 روپے اضافے سے 2 لاکھ 65 ہزار 174 روپے پر پہنچا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونا 2 ہزار 201 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 43 ہزار 85 روپے میں فروخت ہوا تھا۔