دین رسمی عبادات کا نام نہیں:ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کا درس عرفان القرآن کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب

لاہور(16مارچ 2025ء)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ عقیدہ درست نہ ہو تو اعمال کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی اور نہ ہی دین رسومات اور رسمی عبادات کا نام ہے۔ قرآن قیامت تک کے لئے منبع رشد و ہدایت و ذریعہ راہنمائی ہے۔

اللہ اور اس کے رسولؐ کے احکامات کو دل و جان سے ماننا اور پھر اخلاص نیت کے ساتھ عمل پیرا ہونا اصل ایمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن شکر گڑھ کے زیر اہتمام 7روزہ درس عرفان القرآن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اختتامی تقریب میں مقامی علماء و مشائخ، صحافیوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی کے ہزار ہا خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے رشتہ داروں، یتیموں، مساکین، مستحقین پر مال خرچ کرنا، اُن کی جائز ضرورتوں کو پورا کرنا اللہ اور اُس کے رسول ؐ کی حقیقی اطاعت ہے۔ دینی تعلیمات عجز و انکساری اور سادگی اختیار کرنے کا درس دیتی ہیں جس پر عمل کرنے سے ہماری دنیا اور آخرت دونوں سنور جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن حکم دیتا ہے کہ والدین کے ساتھ بھلائی کرو، ہمیشہ سچ بولو، صبرو قناعت اور شکر سے کام لو اور دوسروں کو ناحق اذیت اور تکلیف میں مبتلا نہ کرو، امانت میں خیانت نہ کرو، عفوو درگزر، صلہ رحمی سے کام لو۔ انہوں نے کہا کہ اگر دین کے ان احکامات پر عملدرآمد ہو جائے تو یہ دنیا جنت نظیر بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ مشائخ و علمائے کرام، مبلغین، واعظین، اساتذہ و صحافی حضرات کی یہ دینی و ملی ذمہ داری ہے کہ وہ نیکی اور بھلائی کے فروغ کے لئے اللہ کی دی ہوئی صلاحیت، مہلت اور استعداد کو بروئے کار لائیں

تحریک منہاج القرآن انہی مصطفوی تعلیمات کی روشنی میں سوسائٹی میں اپنا اصلاحی اور فلاحی کردار ادا کررہی ہے اور شیخ الاسلام پروفیسرڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہزار ہا کتب، لیکچرز اور تربیتی انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے اُمت مسلمہ کی راہ نمائی کررہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے درس عرفان القرآن کے مثالی انتظامات پر صدر منہاج القرآن شکر گڑھ محمد فیصل رفیق قادری، صوفی محمد دین خالقی، چودھری رشید حسین ایڈووکیٹ، مرزا محمد اسلام، محمد بوٹا، میاں رزاق قادری، حافظ محمد افضل شیراز خان مصطفوی، شیخ حسن ظہور، پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد شفیق، شیخ محمدآصف، محمد عاصم انقلابی، باجی ثمینہ حیات، نازیہ باجی اوران کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

تقریب میں سابق رکن صوبائی اسمبلی حضرت مولانا غیاث الدین، صاحبزادہ انتظار حسین، سید مجاہد فرحان الحسن شاہ، محمد قاسم خان، چودھری انعام الحق، چودھری رشید حسین ایڈووکیٹ، قاری ریاست چدھڑ، طیب ضیاء، شیخ فرحان عزیز، الطاف الرحمن چوہان نے خصوصی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین