تحریک انصاف کا جعفر ایکسپریس کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا اعلان

پنجاب حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس ریلی میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے کیونکہ یہ شہداء سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے نکالی جا رہی ہے،اکمل خان

لاہور: تحریک انصاف نے جعفر ایکسپریس پر حملے کے شہداء اور بہادر فوجی جوانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک پرامن ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ریلی میں پی ٹی آئی کارکنان، وکلا، اور سول سوسائٹی کے افراد بھرپور شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر اکمل خان باری نے اپنے ویڈیو پیغام میں جعفر ایکسپریس پر حملے کو ظلم کی انتہا قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان پر حملہ ہے، جسے ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔
اکمل خان باری نے اعلان کیا کہ جعفر ایکسپریس کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لیے 18 مارچ بروز منگل جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک ایک پرامن ریلی نکالی جائے گی۔
انہوں نے پنجاب حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس ریلی میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے کیونکہ یہ شہداء سے عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے نکالی جا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ریلی میں سانحہ جعفر ایکسپریس کے شہداء اور بہادر فوجی جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
تحریک انصاف کی جانب سے وکلا، سول سوسائٹی کے افراد اور پارٹی کارکنان کو اس ریلی میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ یکجہتی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین