نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی20 میں شکست دے دی، سیریز میں 0-2 کی برتری

بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا اور میچ کو 15، 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا

نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی20 میں بھی پاکستان کو مات دے کر سیریز میں اپنی برتری کو 0-2 کرلیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستانی ٹیم کے بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے، جبکہ کیوی بلے بازوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف 13.1 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا اور میچ کو 15، 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی۔ ایک بار پھر پاکستانی اوپنرز ناکام ثابت ہوئے، حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جبکہ محمد حارث 11، خوشدل شاہ 2، جہانداد خان صفر اور عرفان خان 11 رنز ہی بنا سکے۔

کپتان سلمان آغا نے 46 رنز کی اننگز کھیلی، شاداب خان نے 26 اور شاہین شاہ آفریدی نے 22 رنز کا اضافہ کیا، لیکن ٹیم کا مجموعی اسکور نیوزی لینڈ کے بولرز کے خلاف بڑا ثابت نہ ہوسکا۔ کیویز کی جانب سے ایش سوڈھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز، جیمز نیشم اور مائیکل بریسویل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم سیفرٹ نے 22 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔ فن ایلن نے 38 رنز بنائے، جبکہ مارک چیپمین 1 اور جیمز نیشم 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اختتامی لمحات میں مچل ہے نے 21 اور کپتان مائیکل بریسویل نے 5 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ نیوزی لینڈ نے یہ ہدف 13.1 اوورز میں ہی مکمل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد علی، خوشدل شاہ اور جہانداد خان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اس میچ میں ابرار احمد کی جگہ حارث رؤف کو ٹیم میں شامل کیا، جبکہ نیوزی لینڈ نے کائل جیمیسن اور ٹم رابنسن کی جگہ جیمز نیشم اور بین سیئرز کو موقع دیا۔

یاد رہے کہ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 میں بھی نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، اور اب وہ سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین