اسامہ بن لادن میرے مداحوں کی لمبی فہرست میں سرفہرست تھے؛ الکا یاگنک

اس میں میری کوئی غلطی نہیں کہ اسامہ میرے گانے پسند کرتے تھے

بھارتی گلوکارہ الکا یاگنک نے ایک حیران کن انکشاف کیا ہے کہ ان کے مداحوں کی فہرست میں سب سے اوپر اسامہ بن لادن کا نام شامل ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہی، جس پر سوشل میڈیا پر بھی خاصی گفتگو ہو رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 2011 میں اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ان کے گائے ہوئے نغموں کی کیسٹس بھی ملی تھیں۔

بھارتی پلے بیک سنگر الکا یاگنک نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ان کے گانوں کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور ان کے مداحوں کی ایک طویل فہرست ہے، جس میں سب سے نمایاں نام اسامہ بن لادن کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اس میں میری کوئی غلطی نہیں کہ اسامہ میرے گانے پسند کرتے تھے۔”

2011 میں جب امریکی فورسز نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تو وہاں سے مختلف اشیاء برآمد ہوئیں، جن میں بھارتی فلموں کے گانوں کی آڈیو کیسٹس بھی شامل تھیں۔ ان میں الکا یاگنک کے علاوہ ادت نرائن اور کمار سانو کے گائے ہوئے مشہور گانے بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ، تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ اسامہ بن لادن کے کمپیوٹر میں 90 کی دہائی کے کئی مشہور بھارتی نغمے محفوظ تھے، اور ان میں سب سے زیادہ تعداد الکا یاگنک کے گانوں کی تھی۔

یہ انکشاف ہونے کے بعد سے اب تک الکا یاگنک کو مختلف انٹرویوز میں اسامہ بن لادن سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس پر وہ ہمیشہ یہی کہتی ہیں کہ وہ ایک گلوکارہ ہیں اور یہ ان کے اختیار میں نہیں کہ ان کے گانے کون سنتا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین