فیس بک نے بغیر وارننگ پاکستان سمیت کئی ممالک میں پیجز کی مونیٹائزیشن معطل کر دی

فیس بک نے اپنی مونیٹائزیشن پالیسی سخت کر دی ہے ، صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا

فیس بک نے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں اچانک متعدد پیجز کی مونیٹائزیشن معطل کر دی ہے، جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران فیس بک نے اپنی مونیٹائزیشن پالیسی سخت کر دی ہے اور سیکڑوں پیجز کو ڈی مونیٹائز کر دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر ان پیجز پر کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کا کوئی الزام بھی نہیں تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، فیس بک کے اس اچانک اقدام نے خاص طور پر پاکستانی صارفین کو متاثر کیا ہے جو اس پلیٹ فارم سے پیسے کماتے تھے۔ فیس بک نے پیجز کو ڈی مونیٹائز کرنے سے پہلے نہ کوئی وارننگ دی اور نہ ہی کوئی وضاحت فراہم کی۔ ابھی تک جو وجہ سامنے آئی ہے، وہ یہ ہے کہ فیس بک نے خاموشی سے اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت فیس بک کا نیا نظام پاکستانی بینک اکاؤنٹس اور ٹیکس تفصیلات کے استعمال پر پابندی لگا رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اب پیجز کی مونیٹائزیشن کے لیے صرف چند منتخب ممالک جیسے امریکہ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور بھارت کی مالی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہوگی۔
مزید یہ کہ اگر کوئی تخلیق کار اوریجنل مواد تیار کرتا ہے اور فیس بک کی تمام گائیڈ لائنز پر بھی عمل کرتا ہے، لیکن مالی اہلیت کی ان تازہ ترین شرائط کو پورا نہیں کرتا تو اس کی مونیٹائزیشن خود بخود معطل ہو سکتی ہے۔
فیس بک کی مستقل مونیٹائزیشن پابندی سے بچنے کے لیے اب پیج مالکان کو اپنے بینک اکاؤنٹس اور ٹیکس کی تفصیلات اہل ممالک سے فراہم کرنا ہوں گی، اور مالی معلومات کو سرکاری ریکارڈز کے مطابق درست بنانا ہو گا۔ یہ نئی پالیسی پاکستان سمیت ان تمام ممالک کے صارفین کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے جو فیس بک سے کمائی کرتے تھے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین