لاہور:سابق مس پاکستان، ماڈل و اداکارہ اریج چوہدری نے خواتین کی حفاظت کے لیے اسلحہ رکھنے کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین غیر محفوظ ہیں، اس لیے انہیں اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ چلانا سیکھنا چاہیے۔ اریج نے بتایا کہ وہ خود ہتھیار چلانے کی تربیت حاصل کرچکی ہیں اور ہمیشہ اپنے ساتھ اسلحہ رکھتی ہیں، جس کی مدد سے وہ ایک بار اغوا کی کوشش بھی ناکام بنا چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق مس پاکستان، ماڈل و اداکارہ اریج چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان خواتین کے لیے غیر محفوظ ملک ہے، جہاں ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ پیش آتا ہے، اس لیے لڑکیوں کو اپنی حفاظت کے لیے اپنے ساتھ ہتھیار رکھنا چاہیے۔
اریج چوہدری نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ہر طرح کے ہتھیار چلانے آتے ہیں کیونکہ انہوں نے اسلحہ چلانے کی باقاعدہ تربیت لی ہے۔
اداکارہ کے مطابق، انہیں بچپن سے ہی اسلحہ رکھنے اور شوٹنگ کا شوق تھا، اس لیے انہوں نے اس حوالے سے باضابطہ تربیت حاصل کی۔ تربیت کے بعد انہوں نے اپنی حفاظت کے لیے ہمیشہ اپنے ساتھ ہتھیار رکھنا شروع کر دیا۔
اریج چوہدری نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس ہمیشہ لائسنس یافتہ اسلحہ موجود ہوتا ہے، جو کبھی ان کے پرس میں ہوتا ہے اور کبھی گاڑی میں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلحہ ساتھ رکھنے کی وجہ سے ہی وہ ایک مرتبہ اپنے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنانے میں کامیاب ہوئیں۔
ماڈل و اداکارہ نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے ساتھ آئے دن ناخوشگوار واقعات پیش آتے ہیں، ایسے میں خواتین کو اپنی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی مجبور لڑکیاں اپنے گھروں کی کفالت کے لیے رات گئے تک کام کرتی ہیں، جنہیں واپسی پر محفوظ سواری تک میسر نہیں ہوتی، ایسے میں انہیں اپنی حفاظت کے لیے ہتھیار ساتھ رکھنا چاہیے۔
اریج چوہدری نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ اگر لڑکیوں کے پاس ہتھیار ہوگا تو وہ غصے میں آکر بلاوجہ اسے چلا دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہتھیار کو کب اور کیسے استعمال کرنا ہے، یہ ہر فرد کی سوچ اور تربیت پر منحصر ہے۔
انہوں نے تمام خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے نہ صرف ہتھیار چلانا سیکھیں بلکہ اپنے ساتھ اسلحہ بھی رکھیں تاکہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سامنا بہادری سے کر سکیں۔