بین الاقوامی موسمیاتی ایپس کے مطابق، پاکستان میں اس سال مون سون کے دوران زیادہ بارشوں کی توقع ہے، لیکن موسمیات کے محکمے کا کہنا ہے کہ درست پیشگوئی مئی کے آخر یا جون کی ابتدا میں کی جا سکے گی۔
لاہور: بین الاقوامی موسمیاتی ایپس نے رواں سال پاکستان میں مون سون کے دوران زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق اپریل سے جون تک ملک میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے، جب کہ اس دوران بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی، اور اپریل سے جون تک بارشوں کا ملک کے پانی کے ذخائر میں حصہ 19 فیصد ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں اپریل سے جون تک معمول سے کم بارشیں ہوں گی، رواں سال موسم سرما میں ملک میں 61 فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئیں، اور برفباری بھی 50 فیصد کم ہوئی ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ملک بھر کے ڈیمز میں پانی پہلے ہی ڈیڈ لیول سے نیچے ہے، اور سندھ کے اکثر علاقوں میں معتدل خشک سالی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچی زمین تقریباً نہیں ہے، کراچی میں واٹر ہارویسٹنگ کی ضرورت ہے، کیونکہ کنکریٹ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی زیر زمین نہیں جا سکتا اور سمندر میں چلا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں جہاں اب بھی کچے علاقے ہیں، وہاں کنویں بنانے کی ضرورت ہے، جو زیر زمین پانی کی سطح بڑھانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق بین الاقوامی موسمیاتی ایپس پاکستان میں زیادہ بارش کی پیشگوئی کر رہی ہیں، لیکن مون سون کی درست پیشگوئی مئی کے آخر یا جون کی ابتدا میں کی جا سکے گی۔





















