حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کہاں ایڈجسٹ کی؟

صدارتی آرڈیننس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی بڑھائی گئی ہے۔

حکومت نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھیں اور اس کمی کو لیوی کی شرح میں اضافے کے ذریعے ایڈجسٹ کیا۔ صدارتی آرڈیننس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی بڑھائی گئی ہے۔

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر ہونے والی کمی کو کس طرح ایڈجسٹ کیا، اس کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔ ذرائع کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود حکومت نے اگلے 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جوں کی توں رکھیں اور اس کمی کو لیوی کی شرح میں اضافے کے ذریعے پورا کیا۔

اس ایڈجسٹمنٹ کے تحت وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح بڑھا دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیٹرول پر لیوی کی شرح میں 8 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 70 روپے سے بڑھ کر 78 روپے 72 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی کی شرح میں 7 روپے 1 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 70 روپے سے بڑھ کر 77 روپے 1 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں یہ اضافہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے پیٹرولیم لیوی آرڈیننس میں ترمیم کی ہے، جس کے تحت لیوی کے نرخوں کو بڑھایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین