پہلگام حملے کے بعد فواد خان کی فلم ’ابیر گلال‘ پر بھارت میں پابندی لگانے کا مطالبہ سامنے آگیا

فلم ’ابیر گلال‘ کا ٹیزر یکم اپریل کو ریلیز کیا گیا تھا، لیکن یہ فلم پہلے ہی تنقید کا نشانہ بن چکی تھی

پہلگام حملے کے بعد فواد خان کی بالی ووڈ فلم ’ابیر گلال‘ بھارت میں تنقید کی زد میں ہے۔ سوشل میڈیا پر فلم کے بائیکاٹ کی مہم زور پکڑ رہی ہے، اور بھارتی شدت پسند حلقوں نے پاکستانی فنکاروں کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے فلم کی ریلیز روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پہلگام میں ہونے والے حالیہ واقعے کے بعد پاکستانی اداکار فواد خان کی نئی بالی ووڈ فلم ’ابیر گلال‘ کی ریلیز خطرے میں پڑ گئی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں منگل کو پیش آنے والے ایک واقعے میں 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔ اس واقعے کے بعد فواد خان اور بھارتی اداکارہ وانی کپور کی فلم پر شدید تنقید شروع ہو گئی ہے۔ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

فلم ’ابیر گلال‘ کا ٹیزر یکم اپریل کو ریلیز کیا گیا تھا، لیکن یہ فلم پہلے ہی تنقید کا نشانہ بن چکی تھی۔ اب اس کی ریلیز اور کامیابی پر سوالات اٹھ رہے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پر فلم کے بائیکاٹ کی مہم زور پکڑ رہی ہے۔

بھارتی شدت پسند گروہ فلم میں فواد خان کی کاسٹنگ پر اعتراض کر رہے ہیں۔ بھارتی فلم اور ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت نے فلم کی ریلیز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک فلم کا معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب پاکستان بھارت کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہو، تو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنا قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کرکٹ میچوں اور بین الاقوامی شوز میں پاکستانی فنکاروں کی شرکت پر بھی سوالات اٹھائے۔

اسی طرح فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنی ایمپلائز (FWICE) کے صدر بی این تیواری نے اعلان کیا کہ وہ ’ابیر گلال‘ کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فلم ریلیز ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہو سکتی ہے اور عوام کی طرف سے بھی شدید ردعمل سامنے آئے گا۔

واضح رہے کہ فواد خان، جو ماضی میں کئی بھارتی فلموں میں کام کر چکے ہیں، ’ابیر گلال‘ کے ذریعے کافی عرصے بعد بالی ووڈ میں واپسی کر رہے تھے۔ لیکن موجودہ حالات میں ان کی بالی ووڈ میں واپسی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین