پاک-بھارت تناؤ کے دوران، بابا وانگا کی تباہ کن جنگوں کی پیش گوئی پھر زیر بحث

ماضی میں انکی نائن الیون اور کووڈ جیسی بڑی پیش گوئیاں درست ثابت ہوئی

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران بلغاریہ کی نابینا پیش گو بابا وانگا کی عالمی جنگوں اور تباہی سے متعلق پیش گوئیاں ایک بار پھر زیر بحث آ گئی ہیں۔ ماضی میں نائن الیون اور کووڈ جیسی بڑی پیش گوئیاں درست ثابت ہونے کے بعد لوگ ان کے 2025 سے متعلق دعووں پر سنجیدگی سے بات کرنے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں بلغاریہ کی نابینا خاتون بابا وانگا کی برسوں پرانی پیش گوئیاں ایک بار پھر دنیا بھر میں زیر گردش ہیں۔ بابا وانگا نے اپنی زندگی میں عالمی جنگوں، تباہ کاریوں، قدرتی آفات اور سیاسی تبدیلیوں کے حوالے سے کئی پیش گوئیاں کی تھیں، جن میں سے کئی درست ثابت ہو چکی ہیں۔

بابا وانگا کی وہ پیش گوئیاں جنہوں نے سب کی توجہ حاصل کی، ان میں 2001 میں امریکہ میں نائن الیون حملے، کووڈ-19 کی عالمی وبا، 1997 میں برطانوی شہزادی ڈیانا کی موت، اور چین کا بطور سپر پاور ابھرنا شامل ہیں۔ ان کے مطابق 2025 میں یورپ ایک بڑی تباہی کا شکار ہوگا، جو محض کوئی عام جنگ نہیں بلکہ انسانیت کی تباہی کا آغاز ہو سکتی ہے۔

نیویارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق بابا وانگا نے یورپ میں ایک بڑے تنازع کی پیش گوئی کی تھی، جس کے اثرات سے یورپی براعظم کی بنیادیں تک ہل جائیں گی۔ اگرچہ انہوں نے اس پیش گوئی میں کسی ملک کا نام واضح طور پر نہیں لیا، مگر موجودہ عالمی حالات، خاص طور پر یورپ میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال، ان دعوؤں کو تقویت دے رہی ہے۔

انہوں نے 2025 کے لیے دنیا میں معاشی بحران کی پیش گوئی بھی کی تھی، جس میں دنیا بھر کے مالی نظام میں بے ترتیبی اور شدید دباؤ کا ذکر تھا۔ حالیہ دنوں میں امریکہ اور چین کے درمیان ٹیرف جنگ اور دیگر ممالک میں معاشی بےچینی اس پیش گوئی کو سچ ثابت کرتی دکھائی دیتی ہے۔

امریکہ نے چین پر بھاری ٹیرف عائد کیے، جس کے جواب میں چین نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا اور امریکہ پر 145 فیصد سے زائد ٹیرف نافذ کیے، جب کہ دوسرے ممالک پر 10 سے 50 فیصد تک ٹیرف لگایا گیا۔ معاشی ماہرین کے مطابق یہ صورتحال دنیا میں مالیاتی نظام کو متاثر کرنے کی جانب بڑھ رہی ہے۔

بابا وانگا کا دعویٰ تھا کہ وہ 12 سال کی عمر میں ایک آندھی کے دوران بینائی سے محروم ہو گئی تھیں اور اسی حادثے کے بعد انہیں مستقبل دیکھنے کی صلاحیت حاصل ہوئی۔ ان کا انتقال 1996 میں 84 برس کی عمر میں ہوا تھا۔

ان کی دیگر طویل المدتی پیش گوئیوں میں 2028 میں وینس سے توانائی حاصل کرنے، 2033 میں سمندروں کی سطح میں شدید اضافہ، 2076 میں دنیا میں کمیونزم کا پھیلاؤ، 2130 میں انسان کا خلائی مخلوق سے رابطہ، 2171 میں دنیا بھر میں خشک سالی اور 5079 میں دنیا کے خاتمے جیسے حیرت انگیز دعوے شامل ہیں۔

بابا وانگا کی شخصیت اور پیش گوئیاں جب بھی دنیا میں کوئی بڑا بحران جنم لیتا ہے، ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں اور لوگ ان کی باتوں کو موجودہ حالات سے جوڑنے لگتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین