بھارت بھر میں شہری دفاعی مشقیں شروع، ایمرجنسی تیاریاں تیز

مشقوں کا مقصد کسی ممکنہ فضائی حملے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے عوام کو خبردار کرنا

بھارت میں فضائی حملے کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں شہری دفاع کی فرضی مشقوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے عوام کو خبردار کرنے اور اہم تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لیے 7 مئی سے 9 مئی تک یہ خصوصی مشقیں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی حکومت نے ملک بھر کی تمام ریاستوں کو شہری دفاع کے تحت فرضی مشقیں شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ان مشقوں کا مقصد کسی ممکنہ فضائی حملے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے عوام کو خبردار کرنا اور اہم سرکاری و فوجی تنصیبات کو محفوظ بنانا ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب وزیر اعظم نریندر مودی نے سیکریٹری دفاع راجیش کمار سنگھ سے ملاقات کی اور بعد میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال نے انہیں صورتحال پر بریفنگ دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مشقیں 7 مئی سے 9 مئی تک جاری رہیں گی۔

ان مشقوں میں فضائی حملے کی وارننگ دینے والے سسٹمز کا استعمال، سائرن بجانا، مکمل بلیک آؤٹ کی مشق، حساس عمارتوں کو اندھیرے میں چھپانے کے طریقے، ہنگامی انخلا کے پلان، اور عام لوگوں کو محفوظ طریقے سے رہنمائی دینا شامل ہوگا۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے تحت سول ڈیفنس کے چار لاکھ سے زیادہ رضاکار ان مشقوں میں شریک ہوں گے۔

پنجاب کے سرحدی علاقے فیروزپور میں بھارتی پولیس پہلے ہی 30 منٹ کی بلیک آؤٹ مشق کر چکی ہے، جس دوران مقامی لوگوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنی تمام لائٹس بند رکھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ریاستیں اس قسم کی مشقوں کے لیے بہتر طور پر تیار ہیں، جبکہ دیگر ریاستوں کو مخصوص ہدایات اور ضروری تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بھی ان مشقوں کو مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین