اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آج ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے ہمراہ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملک کی سکیورٹی صورتحال سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر مشرقی سرحد پر بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے تناظر میں روایتی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
قومی قیادت کو علاقائی سلامتی کی تازہ ترین صورتحال، خطرات کی نئی جہتوں، روایتی فوجی چیلنجز، ہائبرڈ وار فیئر اور دہشت گردی کے پراکسی نیٹ ورکس سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم اور ان کے ہمراہ اعلیٰ حکام نے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو سراہا اور ہر سطح پر آپریشنل تیاری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ملکی خودمختاری اور سالمیت پر کسی بھی حملے کا مؤثر اور فوری جواب دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک فہم کی تعریف کی۔ انہوں نے قومی مفادات کے تحفظ اور پیچیدہ سیکیورٹی حالات میں بروقت فیصلے لینے میں ادارے کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، "پاک فوج دنیا کی سب سے پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل افواج میں سے ایک ہے۔”
قومی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات کے خلاف اپنا دفاع یقینی بنائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوامی حمایت کے ساتھ مسلح افواج اور ریاستی ادارے مکمل طور پر تیار ہیں، وہ پاکستان کی سلامتی، وقار اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں۔
وزیراعظم اور عسکری قیادت کی آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر آمد،سکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ
قیادت کو خطے کی موجودہ صورتحال، روایتی فوجی خطرات، ہائبرڈ وار فیئر، اور دہشت گردی سے وابستہ پراکسی نیٹ ورکس کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی





















