سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ امارات کے دوران ایک دلچسپ اور روایتی رقص نے سوشل میڈیا پر سب کی توجہ حاصل کر لی۔ سفید لباس میں ملبوس خواتین نے کھلے بالوں کے ساتھ رقص کیا، جسے دیکھ کر کئی لوگ حیران رہ گئے۔ جاننے والوں نے بتایا کہ یہ "العیالہ” نامی ایک ثقافتی مظاہرہ ہے جو مہمانوں کے استقبال کے لیے کیا جاتا ہے۔
ابو ظبی میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورے کے دوران قصر الوطن میں ان کے استقبال کے لیے ایک خاص اور روایتی انداز اپنایا گیا۔ سفید لباس پہنے ہوئی خواتین کھلے بالوں کے ساتھ دائیں بائیں جھومتی نظر آئیں، جس نے وہاں موجود لوگوں اور سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔
یہ منظر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے تجسس کے ساتھ پوچھا کہ آخر یہ رقص کیا ہے؟ اس حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ استقبال "العیالہ” نامی ایک روایتی ثقافتی مظاہرہ ہے، جو متحدہ عرب امارات اور شمالی عمان میں خصوصی مواقع پر پیش کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق "العیالہ” دراصل ایک علامتی جنگی منظر کو پیش کرتا ہے، جو شادیوں، تہواروں اور سرکاری تقریبات میں دکھایا جاتا ہے۔ اس رقص میں مرد حضرات بانس کی چھڑیوں کے ساتھ صف بندی میں رقص کرتے ہیں، جب کہ خواتین ڈھول کی تھاپ پر اپنے لمبے بالوں کو ہوا میں لہراتی ہیں، جو اس ثقافت کا ایک خاص پہلو ہے۔
یہ منفرد رقص یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثے کے طور پر بھی تسلیم کیا جاچکا ہے، جو اس کی اہمیت اور تاریخی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ استقبال میں بھی یہی روایتی مظاہرہ کیا گیا، جس نے نہ صرف دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب کھینچی بلکہ اماراتی اور خلیجی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔





















