بھارت پر جوابی وار کے بعد آرمی چیف نے کہا دشمن سیز فائر چاہتا ہے، میں نے کہا منظور کرو، وزیراعظم

یوم تشکر کی تقریب میں وزیراعظم کا خطاب، مسلح افواج، وزرا اور اہم شخصیات شریک

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر کی تقریب سے خطاب میں بتایا کہ بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دیا گیا، دشمن نے سیز فائر کی پیشکش کی تو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اطلاع دی اورمیں نے اسے قبول کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ فتح صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے۔

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دشمن کو سخت جواب دیا، اور جب دشمن نے سیز فائر کی پیشکش کی تو آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آگاہ کیا، جس پر میں نے کہا کہ پیشکش قبول کریں۔

یوم تشکر کی خصوصی تقریب اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ پر آپریشن ’’بُنیان مرصوص‘‘ میں کامیابی کی خوشی میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد اللہ کا شکر ادا کرنا اور پاکستان کی فتح کو قومی سطح پر منانا تھا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانے اور ملی نغمے پیش کیے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، وزرا، سفارت کار اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

تقریب میں میزبانوں نے کہا کہ یہ صرف فوجی کامیابی نہیں بلکہ پوری قوم کی جیت ہے، جس پر ہمیں رب کے حضور سجدہ شکر ادا کرنا چاہیے۔ فضا میں جنگی طیاروں کی پرواز اور نعرۂ تکبیر و پاکستان زندہ باد کے نعروں نے ماحول کو جوش سے بھر دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہدا کو سلام پیش کیا اور کہا کہ بھارتی حملے میں ہمارے کئی بیٹے اور بیٹیاں شہید ہوئیں، مگر ہم نے بھرپور جواب دے کر دشمن کے پانچ نہیں بلکہ چھ طیارے گرائے، جس میں رافیل اور ڈرونز بھی شامل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ نو مئی کی رات آرمی چیف نے فون پر اطلاع دی کہ بھارت نے ہمارے ایئرپورٹس پر میزائل فائر کیے ہیں، اور کہا کہ اجازت دیں تو دشمن کو ایسا تھپڑ ماریں جو ہمیشہ یاد رہے، میں نے فوراً اجازت دی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نے پٹھان کوٹ، ادھم پور اور کئی علاقوں میں حملے کیے، دشمن کو سر چھپانے کی جگہ نہ ملی، جس کے بعد آرمی چیف نے دوبارہ فون کر کے سیز فائر کی پیشکش کا بتایا تو میں نے کہا کہ دشمن کو سبق سکھا دیا گیا ہے، اب امن کے لیے پیشکش قبول کرلیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن کئی صدیوں بعد آتا ہے، جب پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہو۔ 10 مئی کو کروڑوں پاکستانیوں نے اپنی فوج کے لیے دعائیں کیں۔ ہم نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن کے قیام میں ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایوں سے امن کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، بات چیت سے ہی خطے کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، مگر اگر کوئی دشمن حملہ کرے گا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین