ٹرمپ کا پاکستانیوں کی ذہانت اور حیرت انگیز اشیا بنانے کی صلاحیتوں کا کھلے دل سے اعتراف

پاکستانی ذہین لوگ ہیں، وہ شاندار اشیاء بناتے ہیں، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قوم کی ذہانت اور ان کے ہاتھوں تیار کردہ حیرت انگیز اشیاء کی کھل کر تعریف کی ہے۔ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کرانے کو اپنی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات بہتر ہیں، مگر باہمی تجارت میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نہایت ذہین ہے اور وہ دنیا کی حیرت انگیز اور معیاری اشیاء بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔

صدر ٹرمپ نے اس انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ انہیں خارجہ پالیسی کے میدان میں سب سے زیادہ جو کامیابی سراہنے کو ملی، وہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کروانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان حالات اس قدر کشیدہ ہو چکے تھے کہ ایٹمی جنگ کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’’پاکستانی بہت ذہین لوگ ہیں، وہ ایسی شاندار چیزیں بناتے ہیں جو ناقابل یقین ہوتی ہیں۔‘‘ ٹرمپ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کے باوجود باہمی تجارت نہایت محدود ہے، جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ساتھ ان کی بہت اچھی بات چیت ہوئی ہے، اور اب وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ملک تجارتی میدان میں آگے بڑھیں کیونکہ تجارت کے ذریعے دشمنیاں کم ہو سکتی ہیں اور امن کو فروغ ملتا ہے۔ ان کے بقول، پاکستان امریکا سے تجارت کا خواہشمند ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت بھی ہو رہی ہے۔

انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ ’’اس وقت دونوں طرف سے بدلے لیے جا رہے تھے، میزائل فائر ہو رہے تھے، دشمنی اپنے عروج پر تھی، اور حالات خطرناک رخ اختیار کر چکے تھے۔‘‘ ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایٹمی جنگ کا تصور ہی خوفناک ہے، لیکن خوشی ہے کہ امریکی مداخلت سے حالات قابو میں آگئے۔

ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے پس پردہ سفارتی کوششوں کا آغاز کیا، اپنے حکام کو ہدایت دی کہ دونوں ممالک سے فوری رابطہ کریں، بات چیت شروع کروائیں اور امن کے لیے تجارتی مواقع پیدا کریں۔ ان کے مطابق امریکا امن قائم کرنے کے لیے معیشت کو ایک طاقتور ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

بھارت کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ دنیا کا وہ ملک ہے جو سب سے زیادہ ٹیرف عائد کرتا ہے، جس سے عالمی تجارت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ تاہم، اب بھارت بھی امریکا کے ساتھ تجارتی ٹیرف میں بڑی کمی کے لیے تیار ہے۔

انٹرویو کے آخر میں انہوں نے خود کو وعدے پورے کرنے والا لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ان کی قیادت میں نہ صرف عالمی امن کے لیے سرگرم ہے بلکہ معاشی میدان میں بھی ترقی کی نئی راہیں کھول رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین