وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے بڑے بڑے جنگی جہاز لے کر پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن پاک افواج نے ان جہازوں کو پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہر صورت اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی دفاع میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔
سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت بڑے بڑے جنگی جہاز لے کر پاکستان پر حملہ کرنے آیا، لیکن پاک افواج نے ان جہازوں کو ایسی مہارت سے مار گرایا جیسے کوئی پتنگ کاٹ دی جاتی ہو۔
انہوں نے اظہارِ یکجہتی کے لیے اپنی رہائش گاہ پر آنے والی طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحے ان کے لیے بہت جذباتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا اپنے وطن سے محبت کا انداز بے مثال اور قابلِ تحسین ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 10 مئی کی رات پاکستان کی تاریخ میں ایک فیصلہ کن موڑ تھا۔ اس موقع پر تینوں افواج کے سربراہان اور سپاہیوں کو مبارکباد دی، جنہوں نے دشمن کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کی بھی تعریف کی کہ انہوں نے ہر لمحے قوم کی رہنمائی کی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت ملکی دفاع کے لیے پاک افواج کے ساتھ قدم بہ قدم کھڑی ہے، اور اگر ضرورت پڑی تو مزید آگے بڑھنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے اندر جو تقسیم نظر آتی تھی وہ اب اتحاد میں بدل چکی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہم نے بھارت کو مشرقی سرحدوں پر واضح شکست دی ہے، اور ان شاء اللہ مغربی محاذ پر بھی اس سے بڑھ کر کامیابی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی شکست پر اب پچھتاوا ہو رہا ہے، اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس وقت اپنے زخم چاٹنے پر مجبور ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جو قومیں اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں، تاریخ بھی انہیں بھلا دیتی ہے، اور پاکستان اپنی تاریخ کو کبھی نہیں بھولے گا۔





















