لاہور : پنجاب میں احتجاج اور دھرنوں سے نمٹنے کے لیے رائٹ مینجمنٹ فورس کو متحرک کرنے کے اقدامات شروع کر دیئے گئے ۔ڈی آئی جی آر ایم پی کے مراسلے کے مطابق نئی بھرتی ہونے والے 2ہزار 475کانسٹیبلز جنہوں نے بنیادی کورس مکمل کر لیا ہے انہیں اب 7ہفتوں کی خصوصی ٹریننگ کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 25مئی تک تمام ڈی پی اوز منتخب جوانوں کو ٹریننگ سینٹرز میں رپورٹ کروائیں اور اگر متبادل اہلکار بھیجے جائیں تو مکمل کرائٹیریا کا خیال رکھا جائے۔رائٹ مینجمنٹ کورس کے دوران اہلکاروں کو پرتشدد ہجوم سے نمٹنے کے لیے 42مختلف ڈرلز سکھائی جائیں گی۔
مرد کانسٹیبلز کا قد کم از کم 5فٹ 8انچ اور خواتین کا 5فٹ 4انچ مقرر کیا گیا ہے جبکہ جسمانی اور ذہنی مضبوطی کے ساتھ بہترین آئی سائٹ بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ڈی آئی جی اسد سرفراز کے مطابق رائٹ مینجمنٹ پولیس ہر صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کم از کم 200اہلکاروں کا دستہ مہیا کرے گی جو تمام اضلاع میں امن و امان کے قیام کے لیے انٹی رائٹ فورس کی معاونت کرے گا۔7ہفتوں کی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد رائٹ مینجمنٹ فورس صوبہ بھر میں باقاعدہ طور پر فعال کر دی جائے گی۔فورس کے لیے گاڑیاں، دفاتر اور دیگر لوجسٹک سہولیات کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔





















