عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ڈنمارک کی پارلیمان نے مدتِ ملازمت سے متعلق ایک اہم قانون منظور کر لیا ہے، جس کے تحت ملک میں ریٹائرمنٹ کی عمر بتدریج 70 سال تک بڑھا دی جائے گی۔ اس قانون کے حق میں 81 اور مخالفت میں صرف 21 ووٹ ڈالے گئے۔فی الوقت ڈنمارک میں ریٹائرمنٹ کی سرکاری عمر 67 سال ہے، تاہم نئے قانون کے تحت یہ عمر 2030 تک 68 سال، 2035 میں 69 سال اور 2040 تک 70 سال تک پہنچ جائے گی۔ اس تبدیلی کا اطلاق ان تمام افراد پر ہوگا جو 31 دسمبر 1970 کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔اگر یہ قانون مکمل طور پر نافذ ہو جاتا ہے تو ڈنمارک یورپ کا وہ پہلا ملک بن جائے گا جہاں سب سے زیادہ عمر میں سرکاری ملازمین کو ریٹائر کیا جائے گا۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام آبادی میں بڑھتی ہوئی متوقع عمر، طویل زندگی، اور بجٹ خسارے جیسے معاشی مسائل سے نمٹنے کی کوشش کا حصہ ہے۔ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک، خصوصاً یورپ میں، اس وقت ریٹائرمنٹ کی عمر 63 سے 67 سال کے درمیان ہے۔روایتی طور پر بیشتر ممالک میں ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال مانی جاتی رہی ہے، تاہم معاشی دباؤ، بڑھتی عمر اور پینشن نظام کے بوجھ نے حکومتوں کو پالیسی میں تبدیلی پر مجبور کر دیا ہے۔
ریٹائرمنٹ اب جلدی نہیں: ڈنمارک میں نئی حد 70 سال مقرر
موجودہ ریٹائرمنٹ کی عمر 67 سال، حکومت کا نیا اقدام شہریوں کو 70 سال تک ملازمت پر رکھے گا





















