لاہور ( پ ر) منہاج یونیورسٹی لاہور میں سنٹر فار ریسرچ اینڈ انوویشن اِن میری ٹائم افیئرز (CRIMA) کے زیر اہتمام گزشتہ روز "جھینگا فارمنگ” کے موضوع پر مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔مذاکرے میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ فشریز جنوبی پنجاب ڈاکٹر انصر محبوب چٹھہ اور AMG تھائی یونین فیڈ مل کے سی ای او نبیل چوہدری خصوصی شرکت کی۔
اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی میں ’’سندھ طاس معاہدہ‘‘ پر سیمینار، ماہرین کا آبی تنازعات کے حل پر زور
وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے مہمانان کو خوش آمدید کہا ۔مذاکرے کے ابتداء میں ڈائریکٹر( CRIMA) ڈاکٹر محمداشفاق نے سنٹر کے مقاصد اورجاری تحقیقی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر انصر محبوب چٹھہ نے مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ساحلی علاقوں میں جھینگا فارمنگ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، کسانوں کی جدید تربیت اور مؤثر پالیسیوں کے ذریعے کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے منہاج یونیورسٹی کے کلین اور گرین ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں جھینگا فارمنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ اس موقع پر AMG تھائی یونین فیڈ مل کے سی ای او نبیل چوہدری نے جھینگوں کی فیڈ ٹیکنالوجی، غذائی معیار اور مقامی صنعت کی ترقی پر جامع گفتگو کی۔
اسے بھی پڑھیں: منہاج یونیورسٹی لاہور میں “ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات اور علاقائی تعاون” کے موضوع پر دوسری عالمی کانفرنس
مذاکرے میں شریک سی ای او(Signature Skills ) راجہ طاہر لطیف نے بھی جھینگا فارمنگ کے فروغ میں طلبہ کی فنی تربیت کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط کے ذریعے ہم نوجوانوں کو وہ عملی مہارتیں سکھا سکتے ہیں جو عالمی آبی صنعت میں انہیں مسابقت کے قابل بنا سکیں۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے اپنے اختتامی کلمات میں منہاج یونیورسٹی میں کسانوں اور طلبہ کے لیے فش اور جھینگا فارمنگ میں مختصر کورسز شروع کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی کورسز جھینگا اور فش فارمنگ، بیماریوں کی روک تھام، فیڈ مینجمنٹ، اور ماحولیاتی تحفظ جیسے موضوعات پر مبنی ہوگا۔ مذاکرے میں( CRIMA) ٹیم سمیت ، ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی اور منہاج حلال سرٹیفیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ماہرین اور نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔





















